کنداپور:4/مارچ (ایس او نیوز) چلتی ہوئی بس میں سفر کررہی ایک عورت بس سے اچھل کر بس سے باہر جاکر گرنے سے ہلاک ہونےکا واقعہ شنکرنارائن پولس تھانہ حدود کے ہالاڑی کے قریب ہیکاڑی میں پیش آیا ہے۔ مہلوکہ کی شناخت ہیکاڑی کے مکین ناگراج داملے کی بیوی سروجا عرف روہنی (42) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
روہنی اپنے بیمار زدہ بیٹے موہیت کے علاج کے لئے ہالاڑی جانے والی پرائیویٹ بس میں سوار ہوئی تھی۔ ہیکاڑی کے قریب بس جب چڑھاؤ پر چلنے لگی تو اچانک بس میں کھڑی رہ کر سفر کررہی عورت کا توازن بگڑ گیا اور وہ اچانک بس کے سامنے والے دروازے سے باہر گرگئی ،عینی شاہدین کے مطابق بس کافی تیز تھی، جیسے ہی خاتون بس سے باہر جاگری، ،جائے وقوع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ چونکہ بیٹا سیٹ پر بیٹھا ہوا تھا اس کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ شنکرنارائن پولس تھانے میں کیس درج ہواہے۔ پوسٹ مارٹم کے لئے نعش سرکاری اسپتال روانہ کی گئی ہے۔
